حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے استاد اور مرحوم آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی کے قریبی شاگرد حجت الاسلام والمسلمین وحیدپور نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: جس طرح عاشورا کو شیعہ مذہب میں بنیادی اہمیت حاصل ہے، اسی طرح فاطمیہ بھی غیر معمولی مقام رکھتی ہے بلکہ فاطمیہ کو عاشورا کی بنیاد قرار دیا جا سکتا ہے۔ واقعۂ کربلا کی جڑیں بھی ان واقعات سے وابستہ ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آئے۔
انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس حدیث کا حوالہ دیا: «فاطِمَةُ بَضعَةٌ مِنّی، فَمَن آذاها فَقَد آذانی، وَمَن آذانی فَقَد آذَی اللهَ» ترجمہ: فاطمہ میرا ٹکڑا ہیں، جس نے انہیں اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور جس نے مجھے اذیت دی اس نے اللہ کو اذیت دی۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور شہادت کا واقعہ حق و باطل کے درمیان ایک واضح حد فاصل ہے۔ ائمہ معصومین علیہم السلام نے اس واقعے کو زندہ رکھا اور بعد ازاں علمائے تشیع نے بھی اپنی علمی، تبلیغی اور دینی سرگرمیوں کے ذریعے فاطمیہ کی یاد کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

آیت اللہ میرزا جواد تبریزی کی تاریخی جدوجہد
حجت الاسلام وحیدپور نے مرحوم آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: وہ 22 سال تک ان کے شاگرد رہے اور احیائے فاطمیہ کی تحریک کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے بتایا کہ 1374ہجری شمسی (1995ء) میں جب بعض حلقوں کی جانب سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے واقعات کا انکار کیا جا رہا تھا اور اس حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ میں منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا تو آیت اللہ العظمیٰ جواد تبریزی نے ایک تاریخی اقدام کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے روز، یعنی 3 جمادی الثانی کو آیت اللہ تبریزی نے اپنے دفتر میں مجلس عزا سے پہلے گھر سے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی جانب عزاداری کا جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا۔
یہ جلوس قم کے شہداء چوک سے خیابان ارم کے راستے حرم مطہر کی جانب روانہ ہوا۔ اس وقت ماہِ اگست کی شدید گرمی تھی اور سڑک کا تارکول دھوپ کی شدت سے انتہائی گرم ہو چکا تھا لیکن آیت اللہ تبریزی نے ننگے پاؤں، بغیر جوتے اور جرابوں کے یہ راستہ طے کیا۔ ان کے ہمراہ دیگر افراد نے بھی ننگے پاؤں جلوس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا: اس اقدام نے ملک بھر میں غیر معمولی توجہ حاصل کی اور لوگوں کے ذہنوں میں فاطمیہ کی اہمیت اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کیے۔ بعد کے برسوں میں یہ جلوس زیادہ بڑے پیمانے پر منعقد ہونے لگا اور احیائے فاطمیہ کی ایک مؤثر روایت بن گیا۔

علمائے کرام کی مشترکہ جدوجہد سے فاطمیہ کو نئی زندگی ملی
حجت الاسلام وحیدپور نے کہا: بعد ازاں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی، آیت اللہ العظمیٰ فاضل لنکرانی، آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانی اور دیگر بزرگ علمائے کرام نے بھی اس تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔ متعدد مراجع عظام کی بیک وقت عزاداری کے جلوسوں میں شرکت نے فاطمیہ کے پیغام کو مزید تقویت بخشی۔
انہوں نے مزید کہا: اس مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں فاطمیہ کے حوالے سے معاشرے میں نمایاں تبدیلی آئی۔ ماضی میں جہاں بعض لوگ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے عنوان پر سوال اٹھاتے تھے، آج ایران میں یہ دن سرکاری تعطیل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور فاطمیہ اول سے فاطمیہ دوم تک تقریباً 25 روز تک مختلف مقامات پر مجالس، جلوس ہائے عزا اور موکب منعقد ہوتے ہیں۔
عزاداری کے ساتھ وحدت اور شعور کا تحفظ بھی ضروری ہے
انہوں نے تاکید کی کہ فاطمیہ کے اجتماعات مکمل عقیدت، علمی شعور اور تاریخی حقائق کی روشنی میں منعقد ہونے چاہئیں اور ان میں کسی بھی دوسرے مذہب یا مسلک کی توہین سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔
ان کے بقول، شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کا تحفظ ضروری ہے اور دشمن قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور تصادم کو ہوا دینا چاہتی ہیں۔ اس لیے فاطمیہ کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے قومی و اسلامی وحدت کو بھی برقرار رکھنا چاہیے۔
حجت الاسلام وحیدپور نے کہا: فاطمیہ کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے فلم، ڈاکیومنٹری، کتابوں اور دیگر ذرائع ابلاغ سے استفادہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں اساتذہ، دانشوروں، خطباء، اہل قلم اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے۔
اخلاص نے ایک تاریخی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا
حجت الاسلام وحیدپور نے آیت اللہ میرزا جواد تبریزی کا ایک یادگار واقعہ نقل کرتے ہوئے کہا: پہلے سال جلوس کے اختتام پر جب وہ ان کے گھر پہنچے تو ان کے پاؤں پر چھالے پڑ چکے تھے۔ اس موقع پر جب ان سے تکلیف کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ آبدیدہ ہوگئے اور فرمایا: ’’اگر میرے پاؤں جل گئے ہیں تو حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی مصیبتوں کے مقابلے میں یہ کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے امیرالمؤمنین علیہ السلام، ولایت اور حقیقی اسلام کے دفاع کے لیے جو عظیم قربانیاں دیں، ان کے مقابلے میں ہماری کوششیں کچھ بھی نہیں۔‘‘
انہوں نے کہا: اس واقعے سے اخلاص کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ جب کوئی کام خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے انجام دیا جائے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت عطا فرماتا ہے۔
آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ احیائے فاطمیہ کے لیے ابھی بہت کام باقی ہے اور ہر شخص کو اپنی صلاحیت کے مطابق مکتب اہل بیت علیہم السلام کے دفاع، اس کی تعلیمات کے فروغ اور نسل نو تک حقائق کی منتقلی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔










آپ کا تبصرہ